نئی دہلی14جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نوٹ بندی کی مخالفت میں دہلی کانگریس18جنوری کو بھارتی ریزرو بینک کا گھیراؤ کرے گی۔پارٹی نے نوٹ بندی کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ بھارتی ریزرو بینک کی آئینی ذمہ داری کو نبھانے میں ناکام رہاہے۔اس سے لوگوں کوپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ریاستی دفتر میں ہفتہ کو منعقد پریس کانفرنس میں آل انڈیا کانگریس کے کنوینر ڈاکٹر رگھبیر سنگھ کادیان نے بتایا کہ مہم کا دوسرا مرحلہ 12جنوری سے 20فروری تک چلے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگریسی کارکنان 18جنوری کو جنتر منتر پر جمع ہو کر بھارتی ریزرو بینک کی جانب سفر کریں گے۔اس دوران کانگریس آر بی آئی سے بینکوں سے پیسہ نکالنے کی حد ختم کرنے اور کیش لیس معیشت پر لگنے والے محصولات کو ختم کرنے کا مطالبہ کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعددہلی کے 280بلاکس میں عوامی پنچایت کا انعقاد کیا جائے گا۔جہاں پرنوٹ بندی سے عام لوگوں کو جو پریشانیاں ہوئی ہیں ان پر بحث کی جائے گی اور نوٹ بندی سے متاثر لوگوں کی بات کو بھی سنا جائے گا۔